Thursday, March 28, 2024

حکومتی حامی ملیشیا نے باغیوں سے عدن کا ہوائی اڈہ آزاد کرالیا

حکومتی حامی ملیشیا نے باغیوں سے عدن کا ہوائی اڈہ آزاد کرالیا
March 29, 2015
صنعا(ویب ڈیسک)یمن میں حکومتی حامی ملیشیا نے باغیوں سے عدن کا ہوائی اڈہ آزاد کرالیا ہے جبکہ سعودی جنگی طیاروں کی طرف سے باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہےاوراب تک اکسٹھ ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صنعا کے مختلف علاقوں کو جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا حملوں کے باوجود باغیوں کی پیش قدمی نہیں رکی اور وہ ملک کے جنوب اور مشرق میں مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔ باغیوں نے چند روز قبل عدن کے ہوائی اڈے پر قبضہ کرلیا تھاجسےحکومتی حامی ملیشیا نے ہوائی اڈہ دوبارہ اپنے کنٹرول میں کرلیا ہے۔ باغیوں اور حکومتی حامی ملیشیا کی لڑائی میں اب تک کم از کم اکسٹھ افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ دونوں گروپوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے جبکہ بمباری سے تباہ ہونے والے ایک اسلحہ ڈپو میں سے چودہ سوختہ لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ یمن میں جاری لڑائی مختلف علاقوں میں پھیل رہی ہے،یمنی صدر منصور ہادی پہلے ہی ملک چھوڑ چکے ہیں اور اس وقت ملک میں کوئی بھی حکومت موجود نہیں۔