Saturday, April 27, 2024

حکومتی ترجمانوں کا آزادی مارچ سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہونیکا خدشہ

حکومتی ترجمانوں کا آزادی مارچ سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہونیکا خدشہ
October 30, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں حکومتی ترجمانوں نے آزادی مارچ سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ عمران خان نے کہا کہ ملک خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے، کچھ عناصر روکنا چاہتے ہیں، مارچ کے پس پردہ مقاصد بے نقاب کیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے آزادی مارچ کا سیاسی انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، طاقت کا استعمال آخری آپشن ہوگا۔ وزیراعظم عمران خا ن نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ عوام کو حکومت کی معاشی کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے۔ نوازشریف کی بیماری کو موضوع نہ بنایا جائے، آزادی مارچ پاکستان کوعدم استحکام کرنے کا مارچ ہے، آزادی مارچ کا پارٹی بیانیے سے مقابلہ کیا جائے۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ کچھ عناصرملکی ترقی کے سفرمیں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ سیاسی معاملہ سیاسی طریقے سے حل ہو۔ وزیراعظم نے وزراء کو میڈیا پر اپنی وزارتوں کے حوالے سے شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی اورپارٹی کی موجودہ میڈیا حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا، ذاتی ایجنڈے کے بجائے حکومتی پالیسی کا دفاع، حکومتی اقدامات اور پالیسی کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزرا کو ہفتہ اور اتوار کو اسلام آباد سے باہر جانے سے روک دیا، حکومتی اور پارٹی ترجمان آزادی مارچ کے دوران اسلام آباد ہی رہیں گے۔