Sunday, May 12, 2024

حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب

حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب
March 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن اتحاد کو شکست، حکومت جیت گئی۔ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے اپوزیشن اتحاد کے سید یوسف رضا گیلانی کو مات دے دی۔

صادق سنجرانی اڑتالیس ووٹ لیکر دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے۔ غلط جگہ اسٹیمپ لگنے سے پیپلز پارٹی کے 7 ووٹ مسترد ہوئے۔ صادق سنجرانی نے چیئرمین کا حلف اُٹھاکر ایوان کو ذمہ داری سے چلانے کا عزم دُہرادیا۔

ایوان بالا کا سلطان، صادق سنجرانی نے میدان مار لیا۔ حکومتی امیدوار نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں  اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست دے دی۔

پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نے انجام دیئے۔۔ چیئرمین سینیٹ کے لیے سب سے پہلا ووٹ مولانا عبدالغفوری حیدری نے کاسٹ کیا۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر کی غیر حاضری اور اسحاق ڈار کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس میں اٹھانوے سینیٹرز موجود تھے جنہوں نےباری باری ووٹ کاسٹ کیا۔

ووٹنگ کے بعد گنتی مکمل ہوئی تو حکومتی بینچز سے جشن شروع ہوگیا۔ حکومتی اُمیدوار صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی کو ہرا دیا۔

اُمیدوار کے باکس کے بجائے یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگانے کی وجہ سے سات ووٹ مسترد ہوئے جبکہ ایک ووٹ ڈبل اسٹیمپ لگنے کے باعث ناقابل قبول قرار پایا۔

پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک نے کہا آئین میں لکھا ہے ووٹ امیدوار کے خانے میں لگایا جائے کہیں نہیں لکھا کہ سامنے ہی لگایا جائے۔

حکومت کے پولنگ آفیسر محسن عزیز بولے آئین واضح طور پر کہتا ہے مہر امیدوار کے خانے کے سامنے ہی لگائی جائے۔