Friday, March 29, 2024

حکومتی آمدن میں اضافہ کیلئے گورنمنٹ ہائوس مری’’بوتیک ہوٹل ‘‘ میں تبدیل

حکومتی آمدن میں اضافہ کیلئے گورنمنٹ ہائوس مری’’بوتیک ہوٹل ‘‘ میں تبدیل
July 24, 2019
لاہور(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم کے وژن کی روشنی میں تاریخی اہمیت کی حامل سرکاری عمارات کو استعمال میں لاکر صوبائی حکومت کی آمدن میں اضافہ کے حوالے سے اہم پیشرفت کرتے ہوئے 65سالہ گورنمنٹ ہاؤس مری کو’’بوتیک ہوٹل ‘‘ میں تبدیل کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار متوقع طور پر 29 جولائی کو اس کا افتتاح کرینگے ۔فائیو سٹار ہوٹل جیسے لگژری ماحول کے حامل بوتیک ہوٹل کی بکنگ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے ہو ا کریگی ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ برس اپنے دورہ لاہور کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی تھی کہ پنجاب بھرمیں موجود ایسی عمارتیں جو لگژری ہونے کیساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کی حامل ہیں کی فہرستیں ترتیب دی جائیں جن کو معمولی تزئین و آرائش کے بعد استعمال میں لا کر مستقل آمدنی حاصل ہو سکتی ہے جبکہ سرکاری اداروں کے ریسٹ ہائوسز کی بھی فہرستیں تیار کر کے انہیں عام شہریوں کو بکنگ پر دیا جائے ۔

گورنر ہاؤس پنجاب کو عام عوام کے لئے کھول دیا گیا

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے وژن کی روشنی میں ابتدائی طور پر حکومت پنجاب نے 1954 میں تعمیر کئے گئے گورنمنٹ ہائوس مری کو فوکس کیا اور اسے بوتیک ہوٹل میں تبدیل کرنے کیلئے گزشتہ برس ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔ گورنمنٹ ہائوس مجموعی طور پر 7ہزار513 فٹ بلندی پر قائم ہے جس میں 6کمرے ، ایک بورڈ روم،لائونج، ڈرائنگ روم سمیت دیگر آسائشیں موجود ہیں۔مذکورہ گیسٹ ہائوس کو ملکہ برطانیہ،سینئر جارج ڈبلیو بش، افغانستان کے صدر کے علاوہ پاکستان کے صدور اور وزرائے اعظم کی میزبانی کا بھی شرف حاصل ہے ۔ گورنمنٹ ہائوس مری کو حکومت پنجاب کی بنائی گئی کمیٹی کی نگرانی میں ’’بوتیک ہوٹل ‘‘ میں تبدیل کیا گیاہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہاتھوں افتتاح کے بعد بوتیک ہوٹل مری کوپرائیویٹ سیکٹر، ملٹی نیشنل کمپنیوں، فارما سوٹیکلز سمیت دیگر نجی سیکٹر کی کمپنیوں کو کرایہ پر دیا جائیگا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ گورنمنٹ ہائوس مری/بوتیک ہوٹل کی بکنگ وزیراعلیٰ آفس سے بالکل اسی طر پرہوا کریگی جس طرح پنجاب ہائوس اسلام آباد کے کمروں کی بکنگ کی جاتی ہے ۔ تاہم بوتیک ہوٹل مری کی بکنگ کرانے کے خواہشمند متعلقہ ٹیلیفون نمبرز پر کال کرینگے ، ان کو ای میل پر فارم فراہم کیا جائیگاجس میں تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے کیساتھ2 رابطہ نمبر بھی فراہم کرنے لازم ہونگے ۔ لگژری سہولیات سے استفادہ کرنے کے خواہشمند کاروباری افراد وضع کئے گئے ریٹس پر ادائیگی کے بعد بوتیک ہوٹل مری میں قیام کے علاوہ کاروباری میٹنگز بھی کر سکیں گے ۔ تاہم بوتیک ہوٹل میں کوئی سرکاری میٹنگ بھی مفت میں نہیں ہو سکے گی کیونکہ اسکے ریٹس حکومت کی بچت پالیسی سے مطابقت نہیں رکھیں گے ۔