Tuesday, April 23, 2024

حکومت ہمیں سکیورٹی تھریٹ ایشوز سے آگاہی کے بجائے اپنا فرض نبھائے، احسن اقبال

حکومت ہمیں سکیورٹی تھریٹ ایشوز سے آگاہی کے بجائے اپنا فرض نبھائے، احسن اقبال
October 15, 2020
لاہور (92 نیوز) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کہتے ہیں کہ حکومت ہمیں سکیورٹی تھریٹ ایشوز سے آگاہ کرنے کے بجائے اپنا فرض ادا کرے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلسہ اور جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنائے، ہم نے اپنی حکومت میں تحریک انصاف کے جلسوں اور جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی تھی۔ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو عمران نیازی ذمہ دار ہونگے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت خوفزدہ لگتی ہے اور اپوزیشن پر عزم ہے، عمران خان کے خواب میں نواز شریف دن رات آتے ہیں۔ عمران خان کو پاکستان کے عوام کی غربت کا کوئی اندازہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گری پھر تیز ہو رہی ہے، نوجوان بے روزگاری کے باعث جرم کی دنیا کو اپنا رہا ہے، عمران خان کو اسکا کوئی اندازہ نہیں ہے۔ اس ملک نے تمہیں کپتان بنایا، دھاندلی سے وزیر اعظم بھی بنا دیا اب ملک کو اپنی انا کی آگ میں مت جلاؤ۔ لیگی رہنماء بولے کہ ہم پُرامن اور جمہوری لوگ ہیں اور اپنے جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں، انکے خواب میں ہی کوئی آ کر این آر او مانگتا ہو گا ہم میں سے کسی نے نہیں مانگا۔