Friday, May 17, 2024

حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں ، حفیظ شیخ

حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں ، حفیظ شیخ
October 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت کے مشکل فیصلوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں ، 8 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو نیٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دو بڑے خساروں پر قابو پا لیا ہے ، درآمدات میں کمی لائی گئی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے ، ماضی میں ایکسچینج ریٹ کو ایک حد پر رکھنے کیلئے کئی بلین ڈالرز ضائع کیے گئے ۔ مشیرخزانہ نے کہا 5 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا  جس کے باعث ریونیو میں 16 فیصد اضافہ ہوا ۔ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا سویلین حکومت کے اخراجات میں 40 ارب روپے کمی کی گئی جبکہ 3 ماہ میں نہ تو کوئی سپلیمنٹری گرانٹ دی اور نہ ہی کوئی ادھار لیا گیا ۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں بیرونی تجارت پر قابو پا لیا ہے ، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے  340 ملین ڈالرز اضافہ ہوا ، فیکٹریز میں سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جبکہ بیرون ملک ملازمتوں کیلئے  جانے والوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا یو اے ای حکام سے اقامہ کے غلط استعمال پر بات ہوئی ، حکام نے اتفاق کیا کہ اقامہ ہولڈر کی معلومات پاکستان سے شیئر کی جائیں گی۔