Thursday, April 18, 2024

حکومت کے ساتھ مذاکرات کی کوئی اہمیت نہیں، خادم حسین رضوی

حکومت کے ساتھ مذاکرات کی کوئی اہمیت نہیں، خادم حسین رضوی
November 29, 2017

لاہور (92 نیوز) تحریک لبیک یارسول اللہ کا قافلہ اسلام آباد میں دھرنا ختم کر کے لاہور پہنچ گیا۔ اس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی نےکہا کہ ضامنوں کی وجہ سے دھرنا چھوڑا۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار جنوری کو شہدا کا چہلم راولپنڈی لیاقت باغ میں ہو گا۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کا قافلہ داتا دربار پہنچا تو شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیض آباد میں سردی اور بارش میں ڈٹے ہمارے کارکنوں کے خلاف اسلحہ رکھنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا۔ انہیں شہید کیا گیا۔ حکومت نے تشدد کی بد ترین مثال قائم کی۔ مجھے کیوں نکالا کہنے والوں کو اس کا حساب دینا ہو گا۔
علامہ خادم حسین رضوی نے اعلان کیا کہ شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے حکومتی امداد نہیں لیں گے۔ شہدا کے اہلخانہ کی کفالت ہم خود کریں گے۔ انہوں نے بارہ ربیع الاول کو میاں میر دربار سے داتا دربار تک جلوس نکالنے اور چار جنوری کو شہدا کا چہلم راولپنڈی لیاقت باغ میں کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں نظربند تحریک لبیک یارسول کے ایک سو ستر کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔