Sunday, May 12, 2024

حکومت کے تعمیراتی پیکیجز کے باوجود سریا، سیمنٹ، اینٹ، بجری مہنگی ہوگئی

حکومت کے تعمیراتی پیکیجز کے باوجود سریا، سیمنٹ، اینٹ، بجری مہنگی ہوگئی
November 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی دعوؤں، تعمیراتی پیکیجز کے باوجود نئے پاکستان میں یہ سب اشیا انتہائی مہنگی ہوگئیں۔ سریئے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ایک ٹن سریا 60 ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 95 ہزار روپے تک جا پہنچا۔

گھر، دفتر یا کوئی بھی عمارت بنانا انسان کا بنیادی خواب مگر اب اس خواب کی تعبیر بھی کٹھن بنادی گئی۔ تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے عوام کو چکرا کررکھ دیا۔

لوہا اسکریپ کی قیمت بھی 85 ہزار روپے فی ٹن بڑھ گئی۔ اسکریپ کی قیمت 40 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 25 ہزار روپے فی ٹن ہو گئی۔ گارڈر، ٹی آر، آئرن شیٹس سمیت لوہے کی تمام مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔

سریے کے بعد سیمنٹ بھی عوام کے ہاتھوں سے پھسلنے لگا ہے،سیمنٹ کی ایک بوری 750 روپے تک جاپہنچی ہے۔ دو ماہ میں سیمنٹ کی قیمت میں 90 روپے فی بوری اضافہ ہوا۔

ترجمان سیمنٹ ڈیلرز کے مطابق پیداواری لاگت بڑھنے سے سیمنٹ کی قیمت میں مزید اضافےکا امکان ہے۔ بجری 60 روپے اسکوائر فٹ سے 90 روپے اسکوائرفٹ تک جاپہنچی، ریت کا ٹرالہ پانچ ہزار سے بڑھ کر 8 ہزارتک پہنچ گیا جبکہ ایک ہزار اینٹ کی قیمت دس ہزار سے بڑھ کر چودہ ہزار تک پہنچ چکی ہے۔