Saturday, April 27, 2024

حکومت کے ابتدائی 100 روز ،انتہائی اہمیت کے درجنوں واقعات رونما ہوئے

حکومت کے ابتدائی 100 روز ،انتہائی اہمیت کے درجنوں واقعات رونما ہوئے
November 28, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 100 روز مکمل ہو گئے ، ان ایام میں سیاسی میدان خوب گرم رہا ، کبھی اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی افواہوں پر  سیاست کی گئی تو کبھی مریم ، نواز ، صفدر کی رہائی اور شہباز شریف کی گرفتاری نے کارکنوں کو گرمائے رکھا ۔ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے سو روز میں درجنوں ایسے واقعات ہوئے جو انتہائی اہمیت کے حامل تھے۔ تحریک انصاف کے عارف علوی، مولانا فضل الرحمن اور اعتزاز احسن کو شکست دیکر صدر مملکت منتخب ہوئے ۔ پہلے سو روز میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو جیل سے رہائی ملی تو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کیا ۔ ضمنی انتخابات میں حکومتی جماعت عام انتخابات کے دوران جیتنے والی اپنی کئی نشستیں ہار گئی ، حکومت کے 32 ویں روز وزیراعظم نے سعودی عرب کا پہلا غیر ملکی دورہ کیا اور سعودی عرب سے 6 ارب ڈالرز کا پیکج لیا ۔ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پرویز خٹک کو پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ۔ اسرائیلی طیارہ کی پاکستان مبینہ آمد نے بھی ماحول گرمائے رکھا ۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری پر ایوان بالا میں پابندی لگائی گئی جبکہ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ تاحال نہیں دی گئی ۔ جمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو ان کے گھر قتل کر دیا گیا ۔ اسلام آباد سے اغواء ہونے والے ایس پی طاہر دواڑ کو افغانستان میں قتل کیا گیا۔کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشتگرد حملہ جبکہ اورکزئی ایجنسی میں بم دھماکا بھی ہوا ۔ پہلی بار پاکستان اور امریکا کے سربراہان مملکت کے درمیان ٹوئٹر پر محاذ آرائی دیکھنے کوملی  ، تاہم وزیراعظم پاکستان نے امریکی الزامات کا کرارا جواب دیکر عوام کے دل جیت لئے ۔ قومی ہاکی ٹیم نے فنڈز نہ ہونے پر ہاکی ورلڈ کپ سے ڈراپ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تو ایک نجی کمپنی آگے بڑھی اور ورلڈ کپ شرکت کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ۔ نجم سیٹھی نے پی سی بی کی صدارت سے استعفی دیا اور احسان مانی نے انکی جگہ سنبھالی ۔