Friday, April 26, 2024

حکومت کی پی آئی اے کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنیکی اجازت

حکومت کی پی آئی اے کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنیکی اجازت
April 2, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) حکومت نے پی آئی اے کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی۔ کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں چھ سو مسافروں کو کراچی اور لاہور ائیرپورٹ سے لے کر ٹورنٹو روانہ ہوگئیں، مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان سمیت ڈس انفیکشن کی گئی۔ قومی ائیر لائن پی آئی اے کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لایا جائے گا تا کہ این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق انکی مربوط ٹسٹینگ کی جا سکے۔ کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 3 اپریل جبکہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 4 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ مسافروں کی واپسی پر اسکرینگ کے اور سامان کی ڈس انفکشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کیلئے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا، جو مسافر کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا جبکہ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔ دوسری جانب کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں 600 مسافروں کو لے کر ٹورنٹو روانہ ہوگئیں۔ کرچی سے پرواز پی کے 781 جب کہ لاہور سے پی کے 789 روانہ ہوئی۔ مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان سمیت ڈس انفیکشن کی گئی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق کینیڈا سے دونوں پروازیں خالی آئیں گی۔