Saturday, April 20, 2024

حکومت کی نااہلیوں سے پردہ اٹھائوں گا، بلاول بھٹو

حکومت کی نااہلیوں سے پردہ اٹھائوں گا، بلاول بھٹو
October 26, 2019
کندھ کوٹ (92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کندھ کوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ میں اس حکومت کی نااہلیوں سے پردہ اٹھائوں گا، عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لے آئوں گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا آج کا مزدور اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہوگیا ہے، عمران خان کی ظالم حکومت نے عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا، عوام اب عمران خان کو مزید برداشت نہیں کرسکتے۔ ایسا کیا ہوا ہے کہ اس ملک کا ہر طبقہ سڑکوں پر ہے، ایک سال میں ایسا کیا ہوا جو حرکت بھارت 70 سال میں نہ کرسکا وہ کر گزرا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسا کیوں ہے کہ دنیا میں ہمارا موقف کوئی سننے کو تیار نہیں، عمران خان کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا مگر قرض نہیں لوں گا، عمران نے اس ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا، انہوں نے ملک کی خودمختاری کا سودا کیا، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کمر توڑ ٹیکس لگا دیئے۔ دوران خطاب بولے کہ سی پیک جیسے انقلابی منصوبے کو بند کیا جا رہا ہے، لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،عوام جائے تو جائے کہاں، کہاں گئے وہ سنہرے خواب جو قوم کو دکھائے تھے۔ الیکشن سے پہلے عمران نے یہاں آکر بڑے بڑے وعدے کئے تھے،کہاں گئی وہ ایک کروڑ نوکریاں، کہاں گئے وہ پچاس لاکھ گھر۔ کیا یہ نیا پاکستان ہے،اس سے تو پرانا پاکستان اچھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آنے والے وقت میں بہت خطرناک حالات دیکھ رہا ہوں، عوام سے عزت دارانہ زندگی دینے کا خواب چھینا جارہا ہے۔