Wednesday, April 24, 2024

حکومت کی نا اہلی نے صوبوں کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

حکومت کی نا اہلی نے صوبوں کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو
May 1, 2020
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مرکز پر کورونا وائرس کے خلاف سندھ حکومت کی کوششیں سبو تاژ کرنے کا الزام عائد کردیا، وزیر اعظم کو کنٹینر سے اترنے کا مشورہ بھی دے دیا، کہتے ہیں مرکزی حکومت کی نا اہلی نے صوبوں کو نقصان پہنچایا کورونا کے خلاف جنگ سیاسی اختلافات کو بھلا کر لڑنا ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری کی سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہربیان میں سندھ حکومت کو نشانہ بناتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے کبھی انہیں جواب نہیں دیا۔ اس صوبے کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس میں کورونا کے خلاف سب سے زیادہ محنت ہو رہی ہے۔ وزیراعظم دیہاڑی دار ورکرز کا ذکر کرتے ہیں مگر ایک روپیہ دیا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی کو ورکرز کے نام کرتے ہیں جو کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول میں ہیں۔ چار سو ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا وائرس کا شکار اور 9 انتقال کر گئے، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر اسٹاف فرنٹ لائن پر ہیں، کورونا کےخلاف جنگ میں اپنے ڈاکٹروں کو پوری تیاری کیساتھ بھیجنا ہوگا، ڈاکٹرز نرسز صرف حفاظتی ڈریس مانگ رہے ہیں۔ افسوس حکومت پاکستان دو بنیادی مطالبات پورا کرنے کو تیار نہیں۔ دیہاتوں شہروں میں ہیلتھ ورکرز سے کام لے رہے ہیں، ہیلتھ ورکرز کی جان کا تحفظ نہیں ہورہا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کہتے ہیں کہ وزیر اور پی ٹی آئی کے ترجمان ہر روز بلکہ ہرگھنٹے ہمارے صوبے پر حملہ کرتے ہیں، صحت کے شعبے کیلئے وفاق سے ایک روپیہ نہیں ملا، ہم نے ایک محاذ کورونا کیخلاف اور دوسرا محاذ معیشت کیلئے لڑنا ہے، اگرکم لوگ متاثریا فوت ہوتے ہیں تو معیشت پر کم اثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اٹھارہویں ترمیم کیخلاف بات کرتے ہیں اور خود کوئی  کام کرنے کو تیارنہیں، لاک ڈاؤن نرم کرنے یا ختم کرنے سے پریشر آئے گا، پاکستان نے ہر کرائسز کا مقابلہ کیا ہے، ہم اس بیماری کا مقابلہ بھی کرسکتے ہیں، ہم اپنے غریب عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں مگر وفاقی حکومت ہمارا ساتھ نہیں دے رہی، اگر کام نہیں کرنا تو وزیراعظم استعفیٰ دے کر گھر جائیں، پی ٹی آئی کیخلاف کوئی سازش نہیں کررہا۔ ایک صوبائی حکومت عالمی وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتی، سب کو مل کر لڑنا ہے، وفاقی حکومت صحت پر خرچ کرنے کیلئے سندھ کی مدد کرے۔