Wednesday, May 8, 2024

حکومت کی تمام توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، وزیر اعظم

حکومت کی تمام توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز  ہے، وزیر اعظم
February 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے ، مہنگائی میں کمی کیلئے تجاویز کو فوری حتمی شکل دیکر عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی دی ۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر سر براہی  بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس  میں وزیر خزانہ ، وزیر اقتصادی امور ، گورنر اسٹیٹ بینک اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال، نظام کی شفافیت اور کسانوں کے استحصال کے خاتمے پر تبادلہ خیال ہوا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاروباری برادری کی جانب سے معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں، تمام تر ضروری انتظامی اقدامات کو اس حوالے سے یقینی بنایا جائے، زیر غور تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دے کر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے قبضہ مافیا کیخلاف فوری طور پر صوبے میں آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی ، کہا کہ ہر ہفتے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیوں پر بریفنگ دیں،اوورسیز پاکستانیوں کو تحفظ فراہم کریں۔