Thursday, March 28, 2024

حکومت کی بھارتی ہندو یاتریوں کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی منظوری

حکومت کی بھارتی ہندو یاتریوں کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی منظوری
December 22, 2020

لاہور (92 نیوز) وفاقی حکومت نے بھی ایک بار پھر ہندو یاتریوں کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی منظوری دے دی۔ ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کرنے سے متعلق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

مودی سرکار کی پاکستان اور مسلم دشمن پالیسیوں کے برعکس بھارتی شہریوں کی پاکستان یاترا میں دلچسپی بڑھ گئی۔ بھارتی شہریوں کی اسی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے ہندو یاتریوں کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی منظوری دی۔

کٹاس راج تقریبات، ہندو مذہب کے بھگوان رام کے بیٹے لو کی سمادھی پر حاضری کے لئے ویزہ جاری کرنے کے لئے نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمشن کو ہدایت کر دی۔ نئی دہلی ہائی کمیشن کی جانب سے ہندو یاتریوں کو لاہور اور چکوال کے اضلاع کے لئے ویزہ جاری کیا جائے گا۔

ہندو یاتری کل واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان آئیں گے۔ ایک روز گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کے بعد اگلے روز 24 دسمبر کو اِنہیں خصوصی بسوں کے ذریعے کٹاس راج (چکوال) لے جایا جائے گا۔

کٹاس راج میں 25 دسمبر کو مرکزی تقریب منعقد ہو گی، جس کے بعد 26 دسمبر کو ہندو یاتری کٹا س راج سے واپس لاہور آئیں گے۔ 27 دسمبر کو ہندو مذہب کے سب سے زیادہ پوجے جانیوالے بھگوان رام کے بیٹے”لو“ کی شاہی قلعہ لاہور میں موجود سمادھی پر حاضری دیں گے۔

28 دسمبر کو ہندو یاتری کرشنا مندر راوی روڈ میں کرشنا تقریبات میں شرکت اور لاہور کی مختلف مارکیٹس میں شاپنگ کریں گے۔ 29 دسمبر کو ہندو یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے بھارت واپس چلے جائیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے ہندو یاتریوں کو سکیورٹی کے علاوہ طعام، قیام، ٹرانسپورٹ کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔