Saturday, April 27, 2024

حکومت کی اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیاں جاری ہیں، رانا ثناء اللہ

حکومت کی اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیاں جاری ہیں، رانا ثناء اللہ
September 25, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے حکومت کی اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیاں جاری ہیں۔ ملک ترقی پذیر ہونے کی بجائے زوال پذیر ہو چکا۔

انسداد منشیات عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے رانا ثناء اللہ سمیت دیگر پانچ ملزمان کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ ملزم عثمان، اکرم اور سبطین کے وکیل نے مقدمہ سے بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ درخواست پر دلائل دینے کے لیے دو ہفتے بعد کی تاریخی رکھی جائے۔ اعلی عدالت کے فیصلے کے مطابق درخواست دائر ہونے پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

محکمہ نارکوٹیکس کے وکیل نے کہا کہ انہیں وقت دیا جائے ابھی اس پر دلائل مکمل کر دیتے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل کو ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ملزم غیر حاضر ہوا تو اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں گئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا اس حکومت نے انتقامی کاروائیاں شروع کی ہوئی ہیں۔ حکومت نہ صرف اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائی کرنے میں مصروف ہے بلکہ ملک کے معاملات ایسے چلا رہی ہے کہ ملک کے معاشی حالات خراب ہو رہے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں شکست دیکھ کر حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنے کی پیش کش بھی کر دی۔