Friday, April 26, 2024

حکومت کوشش کر سکتی ہے لیکن نواز شریف کو لانا قانونی طور پر مشکل ہو گا ، شبلی فراز

حکومت کوشش کر سکتی ہے لیکن نواز شریف کو لانا قانونی طور پر مشکل ہو گا ، شبلی فراز
October 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا حکومت کوشش کر سکتی ہے لیکن نواز شریف کو لانا قانونی طور پر مشکل ہو گا۔ برطانیہ سے مفروروں کو واپس لانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن رہنماؤں کو بنارسی ٹھگ بھی قرار دے دیا اور کہا اپوزیشن کراچی واقعے کی آڑ میں ادارے کو بدنام کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو پولیس افسران سے مل کر چھٹیاں کینسل کرا دیتے ہیں۔ مجھے تو دال میں کچھ کالا لگتا ہے۔ مجھے تو معاملے میں ان کا ہی رول لگتا ہے۔ کورکمانڈر نے تحقیقاتی ٹیم بنائی ہے، شواہد تو آہی جائیں گے۔ اگر ثابت ہو گیا پولیس کو آپ پریشر میں لائے ہیں تو پھرعدالت میں جواب دینا ہو گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز بولے ہماری معیشت مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت ہمارا اکاؤنٹ خسارہ ختم ہو گیا ہے۔ ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں صنعتیں مکمل استعداد کار پر کام کر رہی ہے۔ ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔ تمام تر صورتحال میں وزیر اعظم مہنگائی کے معاملہ پر پریشان ہیں۔ مہنگائی کا احساس ہے، قابو پانے کی دن رات کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم غریبوں کا درد رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان بطور قیادت ملک کو ماضی کے کھوکھلے پن سے نکال رہے ہیں۔