Saturday, April 20, 2024

حکومت کو گھر بھیج کر قبل ازوقت انتخابات کرائیں گے، زرداری کا بڑا اعلان

حکومت کو گھر بھیج کر قبل ازوقت انتخابات کرائیں گے، زرداری کا بڑا اعلان
December 16, 2018
ٹنڈو الہ یار (92 نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیج کر قبل ازوقت انتخابات کرائیں گے۔ جلد اس حکومت سے عوام کی جان چھڑوائیں گے۔ ٹھنڈے ٹھنڈے دسمبر میں سیاست کی گرما گرمی عروج پر پہنچ گئی۔ ٹنڈو الہ یار میں جلسے سے خطاب میں آصف زرداری حکومت کے خلاف کھل کر میدان میں آ گئے ۔ مفاہمت کے بادشاہ نے مزاحمت کا باقاعدہ آغاز کر دیا اور ایک ہی دن تین بار میڈیا کے سامنے آئے ۔ تینوں بار حکومت نشانے پر رہی۔ آصف زرداری نے جلد حکومت گرانے کا بڑا دعویٰ کر ڈالا۔ انہوں نے کہا عوام تیار رہیں۔ حکومت کو جلد گھر بھیج کر پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے ۔ صحافی نے پوچھا زرداری صاحب آج کل بڑا گرج برس رہے ہیں۔ کیا کہیں سے کوئی اشارہ ملا ہے جس پر آصف زرداری مسکراتے ہوئے بولے ہمیں قبل از وقت انتخابات کا اشارہ ملا ہے۔ دوسری طرف سابق صدر نے حیدر آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا نہیں چاہتے ادارے کمزور ہوں۔ ادارے کمزور ہوں گے تو ایک اور طاقت کھڑی ہے۔ ہم نے اس سے طاقت نہیں ، غیر جانبداری لینی ہے۔ ان کی غلط فہمی ہے ہمیں کوئی خوف ہے۔