Friday, May 17, 2024

حکومت کو قومی اسمبلی سے منی بجٹ پاس کرانے میں مشکلات، اتحادیوں کا حمایت سے انکار

حکومت کو قومی اسمبلی سے منی بجٹ پاس کرانے میں مشکلات، اتحادیوں کا حمایت سے انکار
December 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت کو قومی اسمبلی سے منی بجٹ پاس کرانے کا چیلنج درپیش ہے، اتحادیوں نے منی بجٹ کی حمایت سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق اور جی ڈی اے منی بل لانے کے حق میں نہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی بھی گو مگو کا شکار ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ جب حکومت کے بعض وزراء اور چیف وہپ نے منی بجٹ پاس کرنے کیلئے اتحادیوں سے تعاون مانگا تو ان کا کہنا تھا پہلے ہی اتنی مہنگائی ہے اگر منی بجٹ کا حصہ بنے تو ہمارا حال بھی وہی ہوگا جو کے پی الیکشن میں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے نمبرز پورے کیے بغیر منی بجٹ کے لیے فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے بعد صدارتی آرڈیننس کے ذریعے منی بجٹ لانے پر مشاورت ہوئی ہے۔

دوسری طرف اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ منی بجٹ پاس کروانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔