Monday, September 16, 2024

حکومت کو عوام کا احساس، جانتے ہیں ملک میں مہنگائی ہوئی، حماد اظہر

حکومت کو عوام کا احساس، جانتے ہیں ملک میں مہنگائی ہوئی، حماد اظہر
January 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا حکومت کو عوام کا احساس ہے، جانتے ہیں ملک میں مہنگائی ہوئی۔ 

ہفتہ کے روز لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا صرف پاکستان نہیں د نیا کے 200 ملک مہنگائی سے متاثر ہیں، اپوزیشن قوم کو صحیح بات نہیں بتاتی۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی دکانیں چمکانے کے چکر میں ہے، یہ قوم کو حقیقت نہیں بتاتے، پڑوسی ملک بھارت میں بھی تاریخی مہنگائی ہے۔

وزیر حماد اظہر نے کہا کورونا کے دوران کاروبار بند کردیتے تو آج تین گنا زیادہ مہنگائی ہوتی، دنیا میں مہنگائی کا زور ٹوٹنے سے پاکستان میں بھی مہنگائی کم ہوگی۔ 

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے کورونا کے دنوں میں عوام کو اربوں روپے  دئیے۔ حکومت ہیلتھ کارڈ دے رہی ہے، ہر خاندان کا سالانہ 10 لاکھ روپے کا علاج ہو سکے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 5 سے 6 فیصد رہنے کی امید ہے جس کا مطلب ہے روزگار میں اضافہ ہوگا۔