Sunday, May 12, 2024

حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، شوکت یوسفزئی

حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، شوکت یوسفزئی
January 23, 2020
 پشاور (92 نیوز) وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کابینہ اجلاس میں لڑائی کی خبروں کی تردید کر دی اور کہا آج کا اجلاس کافی خوش اسلوبی کے ساتھ ہوا۔ خیبرپختونخوا حکومت میں کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف میں کوئی گروپ نہیں ،جس نے گروپ بنانا ہے وہ پارٹی چھوڑ دے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی بولے وزیراعظم نے جس کو وزیراعلیٰ بنا دیا ، وہی ہمارا وزیراعلیٰ ہے۔ وزیراعظم کے اعتماد تک محمود خان وزیراعلیٰ رہیں گے۔ مخصوص میڈیا اختلافات کی افواہیں پھیلا رہا ہے۔  انہوں نےکہا وزیراعلٰی بننے سے پہلے ہر کسی نے اپنے لیے لابنگ کی۔ ہو سکتا ہے میں نے بھی اپنے لئے لابنگ کی ہو۔ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ وزیراعلٰی پر بھرپور اعتماد ہے۔ وزیراعلٰی کے پاس اختیار ہے کہ وہ کس کو کابینہ میں رکھنا چاہتے ہیں۔ شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا نانبائیوں کو دوبارہ روٹی کی قیمت کم کرنے کو کہیں گے۔ نانبائیوں کو صوبے میں ہی فائن آٹے کا 85 کلو کی بوری 4 ہزار روپے میں دینے کو تیار ہیں۔ ملک میں اس وقت 41 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جو فروری تک کافی ہے۔ مارچ میں اپنی فصل آئے گی، اس کے باوجود اضافی گندم منگوائی جا رہی ہے۔ آٹے کا بحران نہیں تھا، بحران کی کفیت پیدا ہوئی۔