Tuesday, April 23, 2024

حکومت کو شوگر انکوائری کمیشن کی روشنی میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

حکومت کو شوگر انکوائری کمیشن کی روشنی میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت مل گئی
June 20, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت کو شوگر انکوئری کمیشن کی روشنی میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت مل گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے  شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سٹے آرڈر ختم کرتے ہوئے مختصر فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے معاون خصوصی شہزاد اکبر کو دیے  گئے اختیارات پر سوال اٹھا دیے ، فیصلے میں کہا گیا شہزاد اکبر کو عملدرآمد کیلئے دیے گئے اختیارات سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطابقت نہیں رکھتے، معاملہ نیب کو بھیجتے وقت عدالت کے وضع کئے گئے احکامات کو مدنظر رکھا جائے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ شکر الحمد اللہ عمران خان ایک بار پھر سرخرو ہوئے ، عدالت نے رپورٹ پر حکم امتناعی خارج کر دیا، کپتان ڈٹ کر  کھڑا ہے اور انشااللہ اس کام کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ پاکستان میں  بہت کچھ پہلی بار ہو رہا ہے کیوں کہ کرسی پر خان بیٹھا ، کوئی عوام کے مفاد کا سوداگر یا سودے باز نہیں ۔