Friday, March 29, 2024

حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی فکر نہیں، وفاقی وزراء

حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی فکر نہیں، وفاقی وزراء
October 11, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزراء اعجاز شاہ، شاہ محمود قریشی  اور فواد چودھری کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی فکر نہیں۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی فکر نہیں، ملک کا پیسہ ملک میں رہے تو اتنی مہنگائی نہ ہو۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پی ڈی ایم نے جلسے جلوس کا فیصلہ کیا، شوق سے کریں، ہمیں خوف نہیں۔ اپوزیشن معاشی بحالی کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے، لوگوں نے دیکھنا ہے کہ اس ٹولہ میں ذہنی ہم آہنگی و نظریاتی وابستگی ہے کہ نہیں۔ شاہ محمود بولے کہ یہ ٹولہ احتساب کے عمل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ جمہوریت کو نہ کوئی خدشہ ہے اور نہ ہی رہے گا۔ میری اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اگر عوام کا درد ہے تو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری بولے حکومت 5 سال کیلئے آئی ہے، اپوزیشن انتظار کرے، یہ انتظار اس لیے نہیں کرسکتے کیونکہ یہ جیلوں میں جارہے ہیں۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں عمران خان ملکی دولت لوٹنے والوں کے اعصاب پر سوار ہیں، قانون کی حکمرانی کے دعویدار بلاول صاحب اپنے انکل نواز شریف سے کہیں کہ واپس عدالت میں پیش ہوکر قانون کی حکمرانی کا عملی ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اس کرپٹ ورثے کے نمائندے ہیں جنہوں نے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کیا۔ پیپلز پارٹی کو بھٹو کی وفاقی جماعت سے علاقائی جماعت میں بدلنے کا سہرا بلاول اور والد کے سر ہے۔