Saturday, April 27, 2024

حکومت کو اقتصادی راہداری پر سیاسی پارٹیوں کے تحفظات کو دور کرنا چاہئے : فضل الرحمان

حکومت کو اقتصادی راہداری پر سیاسی پارٹیوں کے تحفظات کو دور کرنا چاہئے : فضل الرحمان
January 3, 2016
  پشاور(92نیوز)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو اقتصادی راہداری پر سیاسی پارٹیوں کے تحفظات کو دور کرنا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر راہداری کے بارے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اگر حکومت نہ مانی تو سخت موقف اختیار کریں گے۔ پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری پورے ملک کی خوشحالی اور ترقی کا منصوبہ ہے، اس کا فائدہ تمام صوبوں کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اقتصادی راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت ضرور کی مگر تقریب کے بعد معلوم ہوا کہ راہداری پہلے 6 رویہ تھی جو اب 4 رویہ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کاشغر گوادر راہداری کے بارے میں سیاسی جماعتوں کے شکوک و شبہات دور کرنے چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ راہداری کے حوالے سے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اگر حکومت نے ہٹ دھرمی دکھائی تو سخت موقف اختیار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ کہتے آ رہے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں، یہ امریکہ اور یورپ کی جنگ ہے۔ ان کا کہنا یہ بھی تھا کہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ داعش کی تشکیل میں ان کا ہاتھ ہے جس پر انہوں نے معذرت بھی کی ہے۔