Tuesday, May 14, 2024

حکومت کو 7،8 ماہ مہلت دیدی،مزید نہیں دینگے ، آصف زرداری ‏

حکومت کو 7،8 ماہ مہلت دیدی،مزید نہیں دینگے ، آصف زرداری ‏
February 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کو سات آٹھ ماہ کی مہلت دے دی مزید نہیں دیں گے ۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری ‏ کا کہنا تھا کہ ملک مشکل حالات سے گز ر رہا ہے، ہم نے کوشش کی کہ حکومت چلتی رہے اور انہیں 7،8 ماہ کی مہلت دی مگر مزید نہیں دینگے ۔ آصف زرداری ‏ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ کوئی منگی صاحب ہیں جو سندھ سے لائے گئے اور وہ سندھیوں کو گرفتار کر رہے ہیں ، ہمارے ساتھ ہمیشہ ایسا ہی ہوا ، اپنوں نے ہی دغا دیا ۔ جیل میرا دوسرا گھر ہے ، بلاول بھی میرا اور بی بی کا بیٹا ہے ، ڈرے گا نہیں ۔ شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی  نے کہا گزشتہ روز جو میرے کیس کا فیصلہ آیا اسے تسلیم کرتے ہیں ، ہم نے پہلے بھی عدالتی فیصلوں کو تسلیم کیا کیوں کہ ہم اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں ۔ سعودی ولی عہد کے دورے سے متعلق آصف زرداری ‏ کا کہنا تھا کہ شہزادے کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں ،مگر حکومت نے مس ہینڈلنگ کی ،  ہمیں شمولیت کی دعوت ملی نہ میاں صاحب کو ، بعد میں ایک ٹویٹ کرادیا گیا کہ یہ لوگ اس قابل ہی نہیں تھے ،اگر یہ ایسے ہی حکومت چلانا چاہتے ہیں تو بسم اللہ ۔ آصف زرداری ‏ نے بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ  آئندہ گرمیوں میں بجلی کا اس قدر بل آئے گا کہ عوام گاڑیاں بیچ کر ادا کریں گے ۔