Friday, April 19, 2024

حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکمت عملی بنائے، شہبازشریف

حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکمت عملی بنائے، شہبازشریف
April 7, 2020
لاہور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیر صدارت زراعت سے متعلق ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ شہبازشریف نے حکومت سے کسانوں اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت زراعت سے متعلق اجلاس ہوا، ویڈیو لنک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا ان کے دور میں تاریخی کسان پیکیج دیا گیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں اور کاشتکاروں کو بلاسود قرض دے کر زرعی اکانومی کوترقی دی گئی، انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کسان اور کاشتکاروں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ شہباز شریف نے بتایا پارٹی رہنماؤں، کاروباری حضرات، ڈاکٹرز اور طبی عملے سے بات کرکے تجاویز تیار کیں اور حکومت کو آگاہ کیا، ہمیں زراعت کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنی ہیں تاکہ آنے والے دنوں میں کسانوں کی مدد ہوسکے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کورونا وباء نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی تباہی مچا رکھی ہے، تمام طبقات انفرادی اوراجتماعی طور پر اس کے خلاف کوششیں کر رہے ہیں۔ خدمت انسانیت کا اس سے بہتر موقع نہیں ہوسکتا۔