Monday, May 13, 2024

حکومت کراچی کیلئے 162 ارب پیکج کا وعدہ پورا کرے، عامرخان

حکومت کراچی کیلئے 162 ارب پیکج کا وعدہ پورا کرے، عامرخان
November 16, 2019
کراچی (92 نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء عامرخان وفاقی حکومت سے مایوس ہوگئے۔ کہتے ہیں کراچی کیلئے 162 ارب روپے کا پیکج کہاں گیا، کچھ معلوم نہیں۔ حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔ بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر کا معاملہ پر انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کی ایک اور پیشی ہوئی لیکن جج کی رخصت کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔ ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء عامرخان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی حکومت کو 162 ارب روپے کا وعدہ یاد دلایا اور مایوسی کا اظہار بھی کردیا۔ وفاقی حکومت کے اتحادی رہنماء نے کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز سے بھی سوالات کر ڈالے۔ متحدہ رہنماء نے آزادی مارچ کے پہلے مرحلے کا کامیاب قرار دیا، اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا میئر کراچی کے پاس اختیارات ہی نہیں، جبکہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے۔