Thursday, April 18, 2024

حکومت کا کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف سخت اقدامات پر غور

حکومت کا کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف سخت اقدامات پر غور
June 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف سخت اقدامات پر غور شروع کردیا۔ فائزر کورونا ویکسین کے استعمال کی حکومتی حکمت عملی بھی تبدیل ہو گئی۔ گذشتہ روز کرونا کے مثبت کیسز کی شرح صرف 3.1 فیصد رہی۔

وفاقی حکومت نے ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف سخت اقدامات پر غور شروع کردیا، سرکاری و نجی تمام دفاتر میں کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے گی 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے ویکسینیشن سرٹیفکٹ بھی چیک کرنے اور ویکسین نہ لگوانے والوں کے دفاتر، ریسٹورنٹس میں داخلوں پر پابندی کی تجاویز سامنے آئی ہیں، موبائل سمز بھی بلاک ہوسکتی ہیں، ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ وزیراعظم اور کابینہ کرے گی۔

وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملک میں فائزر ویکسین کے استعمال کا آغاز رواں ہفتے سے ہو گا، تاہم فائزر ویکسین کے استعمال کی حکمت عملی تبدیل کر دی گئی ہے، جس کے مطابق فائزر ویکسین صرف حجاج اوردائمی امراض کا شکار افراد کو لگائی جائے گی۔ بیرون ملک جانے والوں کو آسٹرازنیکا ویکسین لگائی جائے گی جو سعودی عرب، یو اے ای سمیت یورپ میں تسلیم شدہ ہے۔

این سی او سی حکام کے مطابق گزشتہ روز 41 ہزار 824 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ مثبت کیسز کی شرح 3.1 فیصد رہی۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 44 ہزار 236  ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے اب تک 21 ہزار 529 اموات ہوچکی ہیں۔ 8 لاکھ 71 ہزار 669 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔