Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی پر ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے پر پابندی عائد

پی ٹی آئی پر ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے پر پابندی عائد
April 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر داخلہ چوہدری نثارنے پی ٹی آئی کو ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کے ساتھ ہی کپتان کو بات چیت کی پیشکش بھی کردی۔ ان کا کہنا ہے جلسے جلوسوں سے شہر کا امن خراب ہوتا ہے، سیاسی لوگوں کی طرح مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کہنا تھا کہ جلاوگھراو کسی مسئلے کا حل نہیں۔ امید ہے کہ عمران خان رائے ونڈ کا رخ نہیں کریں گے۔ ذاتی انا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے۔ انہوں نے ایف نائن پارک میں تحریک نصاف کے جلسے پر مکمل پابندی کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی کپتان کو بات چیت کی پیشکش بھی کردی۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں کو سمجھنے کے لئے تین دن لگے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو سینیٹ میں نواز شریف کے بجائے آصف زرداری کے سرے محل کا تذکرہ بھی کرنا چاہئے تھا۔ چوہدری نثار علی خان نے اعتزاز احسن کے بارے میں کہا کہ ان کی جانب سے الزامات لگنے پر اڑتالیس گھنٹے سخت اذیت میں گزارے ہیں تاہم وزیر اعظم کی ذاتی درخواست پر معاف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پر اپوزیشن خود کنفیوزن کا شکار ہے۔ ایگزیکٹ سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی تحریری شکایت پر کارروائی کا حکم دیا تھا۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی منی لانڈرنگ سے متعلق ابتدائی رپورٹ موصول ہوچکی ہے جلد تحقیقات کا آغاز ہوگا۔