Monday, September 16, 2024

حکومت کا پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

حکومت کا پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ
April 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ن لیگ کی قیادت نے پانامالیکس کے حوالے سے وزیر اعظم اور ان کے خاندان پر لگنے والے الزامات کا قانونی اور سیاسی طور پر بھرپور دفاع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ کمیشن کے قیام اور سازشوں کا تمام سیاسی و قانونی محاذوں پر بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاوس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ حکمران جماعت کیخلاف کی جانے والی سازشوں اور سازشی عناصر کا ماضی کی طرح بھرپور مقابلہ کیاجائے گا۔ اجلا س کے شرکاءکا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عوامی ترقی کو بے پر کے الزامات لگا کر ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام اور تمام سیاسی قوتوں کو ملکی ترقی کیخلاف اس مذموم ایجنڈے کے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کی جانب سے دی جانے والی ہدایات سے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سازشوں کو اہمیت نہ دی جائے۔ سازشوں پر وقت ضائع کرنے کی بجائے پوری توجہ قومی نوعیت کے منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت انکوائری کمیشن کے بارے میں اپنے وعدے پر عملدرآمد کرے گی اور اس حوالے سے ججوں کو قائل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اٹارنی جنرل نے کمیشن کے قیام سے متعلق بریفنگ دی اور کمیشن کے ٹرم اینڈ ریفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراءپرویز رشید‘ عبدالقادر بلوچ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مشاہد اللہ، زاہد حامد، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سردار مہتاب اور مریم نواز شریف شریک ہوئیں۔