Friday, April 26, 2024

حکومت کا نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ

حکومت کا نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا فیصلہ
January 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) تعلیمی ادارے کھولے جانے کے حوالے سے بڑا فیصلہ آ گیا۔ نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری کو کھلیں گے۔

کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر بند کیے گئے تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ سامنے آگئی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں سے بارہویں تک کے تعلیمی ادارے 18 جنوری ، پہلی سے 8 ویں کلاس تک تعلیمی ادارے 25 جنوری اور جامعات یکم فروری سے کھلیں گی۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں کافی حد تک ٹھہراؤ آیا۔ تعلیمی ادارے بند ہونے سے کورونا کیسز میں کمی آئی۔

صوبائی وزراء تعلیم و دیگر حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ مئی کے آخری ہفتے اور جون کے ابتدائی ایام میں ہونے والے بورڈ امتحانات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ موسم سرما و گرما کی چھٹیوں میں کمی ، نیا تعلیمی سال اگست 2021 میں شروع کرنے اور قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب پرائیویٹ اسکولز کی سپریم کونسل کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے۔ ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھولیں گے۔ بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانا اور تعلیم بچانا اولین ترجیح ہے۔