Thursday, May 9, 2024

حکومت کا نواز شریف کو ریلیف دینے سے انکار ، پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد

حکومت کا نواز شریف کو ریلیف دینے سے انکار ، پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد
March 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے نواز شریف کو ریلیف دینے سے انکار کر دیا اور پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست مسترد کر دی۔

گزشتہ روز سیکرٹری وزارت خارجہ کو لکھے گئے خط میں وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف کی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے۔ ہائی کورٹ اور احتساب عدالت کے فیصلے کے مطابق نواز شریف مفرور مجرم ہیں۔ جب تک وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے تب تک انہیں مزید ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔

خط میں کہا گیا تھا کہ ہائی کورٹ  کے مطابق نواز شریف کو 8 ہفتے کی ضمانت ملی تھی جبکہ پنجاب حکومت نے 8 ہفتے مکمل ہونے کے بعد نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں کی تھی۔ نواز شریف کو سزا کی بقیہ مدت کوٹ لکھپت جیل میں گزارنی ہے۔ نواز شریف سزا سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوئے ہیں۔ نواز شریف مطمئن نہ کر سکے کہ ان کے پاسپورٹ کی مزید تجدید کی جائے۔ خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے یورپ کو خط لکھ کر نوازشریف کی بیماری سے متعلق تفصیلات مانگ لیں اور کہا تھا کہ ہائی کمیشن علاج کی تفصیلات کے حصول کیلئے نوازشریف سے راضی نامے پر دستخط کرائیں۔ راضی نامے پر دستخط کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن علاج کی تفصیلات حاصل کرے۔ نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے نام اور پتہ۔ ، میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ، ابتک ہونیوالے علاج اور اسکی مد میں ادائیگیوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔