Saturday, May 18, 2024

حکومت کا ملک کے 80فیصد علاقوں میں سحرو افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

حکومت کا ملک کے 80فیصد علاقوں میں سحرو افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
June 15, 2015
لاہور (92نیوز) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ماہ رمضان میں ملک کے 80فیصد علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور لیسکو ہیڈ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ لیسکو سمیت تمام الیکٹرک سپلائی کمپنیوں سے کرپٹ افسران کے احتساب کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث علاقوں کے علاوہ پورے ملک میں سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی بند نہیں کی جائے گی۔ شہروں میں6 جبکہ دیہی و صنعتی علاقوں میں 8گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ واپڈا کے سینکڑوں کیسزکی عدالتوں میں سماعت پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ واپڈا کے معاملات میں عدلیہ کے کردار کے حوالے سے جلد ہی چیف جسٹس سے ملاقات میں مسئلہ اٹھاﺅں گا۔ عابد شیر علی نے سندھ میں وزراءکی زیرنگرانی بجلی چوری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔