Sunday, September 8, 2024

حکومت کا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ ،کامران مائیکل اور وزارت خارجہ کو ٹاسک سونپ دیا گیا

حکومت کا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ ،کامران مائیکل اور وزارت خارجہ کو ٹاسک سونپ دیا گیا
July 15, 2016
اسلام آباد(92نیوز)حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کر لیا دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو مسئلے کے مستقل حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے خط لکھے جائیں گے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل اور وزارت خارجہ کو ٹاسک دے دیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اتوار کو لاہور میں انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر حکومت پاکستان نے دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے وزارت خارجہ اور وزارت انسانی حقوق کو ٹاسک دے دیا جو آج خط کا ڈرافٹ تیار کریں گی اور اسے منظوری کے بعد کل انسانی حقوق کی تنظیموں کو ارسال کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل کے مطابق خط بھارت میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیمو ں کو لکھا جائے گا اور اس کی کاپی دنیا بھر میں انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو بھی ارسال کی جائیں گی جبکہ غیرملکی سفیروں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خط ارسال کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کی غیرملکی مندوبین سے ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر میں تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کر دی۔ کامران مائیکل نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اتوار کو لاہور میں انسانی زنجیر بنائی جائے گی جس میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔