Saturday, May 11, 2024

حکومت کا مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان ، فردوس

حکومت کا مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان ، فردوس
September 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت نے مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا مریم نواز سے متعلق تاثر دیا جا رہا تھا کہ وہ سزا یافتہ نہیں ہیں، مریم نواز سزا یافتہ ہیں۔ اس بات کو فیصلے میں بھی تسلیم کیا گیا ہے، اپیل دائر کریں گے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا آج کابینہ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈا آئٹم پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان ون پوائنٹ ایجنڈے کشمیر پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کابینہ اجلاس میں میڈیا کے کردار کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی اور طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کی طاقت کو ذمہ داری کے ساتھ جوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان بولیں میڈیا ورکرز، مالکان کو کوئی شکایت ہو تو پیمرا کے پاس جاتی ہے۔ سالہا سال گزر جاتے ہیں لیکن ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہوتا۔ پیمرا اگر قانون پر عملدرآمد کراتا ہے تو الزام لگتا ہے حکومت سب کچھ کرا رہی ہے۔ میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار ریاست کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے میڈیا کو طاقتور اور صاف بنانے کے لیے میڈیا ٹریبونلز بنائے جائیں گے۔ میڈیا ٹریبونلز ناصرف نئی شکایات بلکہ پرانی شکایات بھی سنے گیا۔ اعلی عدلیہ کی زیرنگرانی میڈیا ٹریبونلز کو چلایا جائے گا۔ وزیراعظم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ میڈیا ٹریبونلز 90 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہو گا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا وزیر صحت کی طرف سے کابینہ اجلاس میں خواجہ سراوں کے ہیلتھ کارڈ کی بات کی ہے۔ خواجہ سراوں کا نادرا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جنہیں ہیلتھ کارڈ کا اجراح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کابینہ میں وزارت اطلاعات کی جانب سے بڑے ہسپتالوں میں ہیلپ ڈیسک بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ بڑے ہسپتالوں میں ہیلپ ڈیسک کو پریس کلبز کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وفاقی کابینہ نے توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی ہے۔ چینی شہریوں کو ورک ویزہ ون ٹائم دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے مختلف وزارتوں میں خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ کیڈر اور نان کیڈر ملازمین کی ٹریننگ کے حوالے سے اصلاحات کابینہ کے سامنے رکھی گئی۔ سرکاری ملازمین کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے طریقہ کار میں تبدیلیوں کی منظوری دی گئی ہے۔