Friday, May 17, 2024

حکومت کا قانونی اصلاحات ، آرڈیننس کے ذریعے لانے کا فیصلہ

حکومت کا قانونی اصلاحات ، آرڈیننس کے ذریعے لانے کا فیصلہ
October 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وفاقی حکومت نے قانونی اصلاحات ، آرڈیننس کے ذریعے لانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،  وزارت قانون نے وزیراعظم کی اجازت کے بعد 6 آرڈیننس کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ، وفاقی کابینہ پیر کو بریفنگ کے بعد منظوری دے گی ۔ وفاقی حکومت قانون سازی کے حوالے سے پارلیمنٹ سے مایوس ہونے لگی ، قائمہ کمیٹیوں اور سینیٹ سے بلوں کی منظوری میں مسلسل التواء نے وفاقی حکومت کو قانونی اصلاحات آرڈیننس کے ذریعے لانے پر مجبور کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے 6 نئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے ، وزارت قانون کی ٹاسک فورس نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ۔ وفاقی کابینہ پیر کو نئے آرڈیننس پر غور کر کے منظوری دے گی  ، وزارت قانون نے نیب قوانین میں ترمیم، وراثت کے سرٹیفکیٹس اور خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق آرڈیننس بھجوائے ہیں ۔ سپیریئر کورٹ آرڈر، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی اور بے نامی ٹرانزیکشنز سے متعلق آرڈیننس بھی بھجوائے گئے ہیں ۔ سمری میں بتایا گیا ہے کہ ٹاسک فورس نے عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے 10 قوانین بنائے تھے  جن میں سے 4 قومی اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹی میں زیر التوا ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب کے حوالے سے آرڈیننس میں پلی بارگین سے متعلق قانون میں تبدیلی تجویز کی گئی ہے ۔