Saturday, April 27, 2024

حکومت کا دھرنا قائدین سے معاہدہ ، اعتماد میں نہ لینے پر چیئرمین سینیٹ برہم

حکومت کا دھرنا قائدین سے معاہدہ ، اعتماد میں نہ لینے پر چیئرمین سینیٹ برہم
November 27, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے حکومت کی جانب سے دھرنا قائدین سے کئے گئے معاہدے پر اعتماد میں نہ لینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود نظام چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا ۔ چئیرمین نے وزیرِ داخلہ احسن اقبال کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوراً ایوان میں طلب کیا اور کہا کہ وزیر داخلہ عدالت کے بلانے پر 15 منٹ میں پہنچ جاتے ہیں تو یہاں کیوں نہیں آئے ؟ ۔
وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ وزیرِ داخلہ سعودی عرب میں ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت خود نظام کو آگے چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ۔ وزیراعظم کو یہاں ہونا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کانفرنس زیادہ اہم ہے یا ملک کی داخلی صورتحال؟ ۔
چیئرمین سینیٹ نے دھرنا قائدین سے معاہدے اور کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو بند کیا گیا ۔ ارکان پارلیمنٹ کے گھروں پر حملہ ہوا۔ وزیر قانون کو استعفیٰ دینا پڑا اور وزیرِ داخلہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لے رہے۔
سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے کہا جو بھی ہوا بد قسمتی ہے۔ ایک سے دو روز میں ایوان کو تمام صورتحال بتائیں گے۔
سینیٹر فرحت اللہ بابر نے 2013ء سے اب تک ہونے والے تمام دھرنوں کی عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔