Wednesday, April 24, 2024

حکومت کا جے یو آئی ف کو آزادی مارچ کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ

حکومت کا جے یو آئی ف کو آزادی مارچ کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ
October 23, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے جے یو آئی ف کو آزادی مارچ کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔ آئین اور عدالتی فیصلوں کے دائرہ کار میں رہ کر مارچ کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کو اپوزیشن سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت جمہوری روایات پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ سڑکیں بند کر کے شہریوں کیلئے مسائل پیدا نہیں کریں گے۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد حکومتی مذاکراتی ٹیم نے پھر سر جوڑ لیے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں  اپوزیشن سے فوری رابطہ کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان نے اکرم درانی سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں سے آگاہ کیا۔

 دونوں ٹیموں کے درمیان کل مذاکرات متوقع ہیں۔ ملاقات کس وقت ہوگی، کل آگاہ کیا جائیگا۔ چیرمین سینیٹ یا سپیکر پنجاب اسمبلی جے یو آئی ف سے رابطہ کرینگے۔