Friday, April 26, 2024

حکومت کا بی این پی مینگل کو منانے کا فیصلہ

حکومت کا بی این پی مینگل کو منانے کا فیصلہ
June 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) بجٹ کی منظوری سے قبل اہم اتحادی کی علیحدگی پر حکومت مشکل میں پڑ گئی ، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے  بی این پی مینگل کو منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مذاکراتی کمیٹی کو رابطے کی ہدایت کر دی ۔

گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر تیسرے روز بحث کے دوران  نیشنل پارٹی مینگل کے رکن اسمبلی اختر مینگل نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

اختر مینگل نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا بلوچستان میں آج آن لائن کلاسز نہیں ہو رہیں، وہاں تھری جی فور جی نہیں ہے۔ ہمیں کوئی لائن میں نہیں لگنے دیتا۔ آپ آن لائن کی بات کر رہے ہیں۔ سوئی گیس کی رائلٹی چھوڑیں، ہمیں سونگنے کو بھی نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے کئی اجلاس ہوئے، حکمران اتحاد کو ان کی یقین دہانیاں کئی بار یاد کرائی گئیں لیکن ان کو شاید ہماری ضرورت نہیں تھی۔ جھنڈا گاڑی پر لگانے سے کوئی وفادار نہیں ہوتا۔ اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ حالات کا اصل ذمہ دار کون ہے؟ باہر سے آئے 56 بلین ڈالر سے بلوچستان کو کیا ملا؟

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کر رہے ہیں تاہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہمیں گیس کیوں نہیں دی جا رہی؟ 1956 سے بلوچستان کی گیس لی جا رہی ہے، کسی ایک ممبر نے بلوچستان کے مسائل کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔ بلوچستان کو اس کا مساوی حصہ ضرور دینا ہو گا۔