Friday, March 29, 2024

حکومت کا بڑے پیمانےپر میڈیکل آلات درآمد کرنیکا فیصلہ ‏

حکومت کا بڑے پیمانےپر میڈیکل آلات درآمد کرنیکا فیصلہ ‏
March 19, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے کاری وار سے بچاؤ کیلئے  حکومت نے فوری طور پر بڑے پیمانے پر میڈیکل آلات درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ، چین سمیت 3 بڑے ممالک سے ٹیسٹ کٹس، وینٹیلیٹرز، تھرمل سکینرز اور دیگر میڈیکل آلات امپورٹ کرنے کا آرڈر دے دیا گیا۔ ذرائع این ڈی ایم اے  کے مطابق  ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹنگ کٹس، ایک ہزار سے زائد وینٹیلیٹرز، سکینرز منگوائے جا رہے ہیں،  سامان کی ترسیل 3 مراحل میں ہونی ہے،  اگلے دو دنوں میں چین سے 25 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹیلیٹرز کی پہلی کھیپ پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق منگوایا جانے والا سامان  چاروں صوبائی حکومتوں اور مسلح  افواج  کو دیا جائیگا،  تفتان، خیبر اور چمن بارڈر پر فوری طور پر معیاری قرنطینہ سینیٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ رواں ہفتے ہی کراچی لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر بھی آئیسولیشن سنٹرز بنائے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق  ان تمام قرنطینہ سنٹرز پر بیرون ملک سے آنے والے مشکوک افراد کیلئے الگ کمرہ،واش روم اور کھانے کا انتظام ہو گا۔ این ڈی ایم اے نے بڑے ہوٹلوں کو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کرنے کی سفارش کردی ، آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو خط لکھ دیا ،  کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کیلئے ایک کمرہ کی پالیسی اپنانے کی تجویز دے دی ، ساتھ ہی موجودہ قرنطینہ مراکز کی تفصیلات مانگ لیں۔