Sunday, September 8, 2024

حکومت کا اگلے ہفتے پارلیمانی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ

حکومت کا اگلے ہفتے پارلیمانی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ
July 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے سیاسی تناو کم کرنے کےلئے اگلے ہفتے پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ اجلاس میں ملک کو درپیش سکیورٹی خطرات‘ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت سمیت خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملکی سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ ہفتے پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس بلائے گی۔ وزیراعظم نوازشریف پارلیمانی رہنماوں سے ملک میں جاری سیاسی تناو کو ختم کرنے کےلئے مختلف تجاویز پر مشاورت کرینگے۔ اجلاس میں بھارت‘ افغانستان اور ایران کے ساتھ حالیہ دنوں میں تعلقات کے اتار چڑھاو‘ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی بربریت سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس بلانے کا مقصد ملک کو درپیش خطرات سے سیاسی جماعتوں کو آگاہ کرنا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو سینئر وزراءاور پارٹی کے اہم رہنماوں نے اجلاس بلانے کا مشورہ دیا۔