Tuesday, April 16, 2024

حکومت کا اڑھائی ماہ بعد غیرملکی فلائٹ آپریشن بحال کرنیکا فیصلہ

حکومت کا اڑھائی ماہ بعد غیرملکی فلائٹ آپریشن بحال کرنیکا فیصلہ
May 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے اڑھائی ماہ بعد غیرملکی پروازوں کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، سول ایوی ایشن حکام نے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز کے تحت آپریشن بحالی کا نوٹم جاری کردیا۔ ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں ہونے والی نرمی کے اثرات غیرملکی پروازوں کے آپریشن پر بھی نظر آنے لگے، وفاقی حکومت نے اڑھائی ماہ بعد غیرملکی پروازوں کا آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق گوادر اور تربت کے علاوہ ملک کے تمام ایئرپورٹس سے غیرملکی پروازیں آج سے معمول کے مطابق روانہ ہوں گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق غیرملکی پروازوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے ایس و پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے مسافروں اور ایئرپورٹ حکام کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ جہازوں کی جراثیم کش سپرے سے مکمل صفائی یقینی بنائی جائے گی، اور صرف مسافروں اور ایئرپورٹ عملے کو مخصوص ایریا تک جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ مسافروں کو گاڑی میں لانے والے ڈرائیور گاڑی میں ہی بیٹھیں گے، بورڈنگ سے قبل تمام مسافروں کی سکریننگ بھی کی جائے گی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان سے جانے والی غیرملکی پروازیں خالی واپس آئیں گی، جبکہ بیرون ممالک سے آنے والی ڈپلومیٹک اور کارگو فلائٹس کے علاوہ مسافر پروازوں کی آمد ایوی ایشن حکام کی اجازت سے مشروط ہوں گی۔