Friday, April 26, 2024

عثمان بزدار کو کام کرنے دیں ، احتساب تین ماہ بعد کریں ، عمران خان

عثمان بزدار کو کام کرنے دیں ، احتساب تین ماہ بعد کریں ، عمران خان
August 31, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار دلیرآدمی ہیں ان کو کام کرنے دیں اور حکومت کا احتساب تین ماہ بعد کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اور ڈیڑھ گھنٹے تک صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا جب تک احتساب نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا،تین ماہ کا وقت دیا جائے ، اس کے بعد چاہے احتساب کریں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا سے سپورٹ بھی مانگ لی اور کہا کہ ہم نے اوورسیز پاکستانیوں سے پیسے اکٹھے کرنے ہیں ، میڈیا ہماری سپورٹ کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم احتساب کریں گے تو کرپٹ لوگوں کی چیخیں نکلیں گی۔ سینئر اینکر روف کلاسرا نے بتایا کہ  صحافیوں نے وزیراعظم عمران خان نے سخت سوالات کیے۔ پہلا سوال ان کی بیوروکریسی سے متعلق کیا گیا جس کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیوروکریسی میرے ویژن کے مطابق کام کرے گی۔ سینئر اینکر روف کلاسرا نے کہا کہ عمران خان سے سب سے زیادہ سوالات مانیکا فیملی کے حوالے سے کیے گے، عمران خان کو مانیکا فیملی تنازعہ کا زیادہ علم نہیں تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے پرنسپل سیکرٹری نے مجھے بتایا کہ مانیکا فیملی کا کوئی قصور نہیں ہے۔