Friday, April 19, 2024

حکومت کا اتحادیوں کے خدشات دور کرنے کا فیصلہ

حکومت کا اتحادیوں کے خدشات دور کرنے کا فیصلہ
January 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے اتحادیوں کے خدشات دور کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ حکومتی کمیٹی ایم کیوایم ،ق لیگ اور بی پی این مینگل سے ملاقاتیں کرے گی۔ پیپلزپارٹی کی ایم کیو ایم کو آفر کے بعد وفاقی حکومت متحرک ہو گئی۔ گورنر ہاؤس کراچی میں سندھ انفرا اسٹرکچر بحالی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ، اسد عمر، علی زیدی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے 162 ارب کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ گرین لائن منصوبے پر کام تیز کرنے اور کے فور پراجیکٹ جلد شروع کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ اسد عمرنے کہا میئر کراچی بااختیارہوتے تو مسائل تیزی سےحل ہوتے، فنڈز کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا میگا منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزیراعلی سندھ سے رابطہ کریں گے۔ علی زیدی نے کہا اگلا چیلنج گندے پانی کو سمندر میں گرنے سے روکنا ہے، گندے پانی کو ٹریٹ کرنے کے لئے منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ دوسری طرف ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے جہانگیر ترین نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور جلد ملاقات پر اتفاق بھی کر لیا۔ کراچی کو رواں سال کے دوران ہی بھاری ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔