Saturday, May 11, 2024

حکومت کا آرمی ترمیمی ایکٹ جمعے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ

حکومت کا آرمی ترمیمی ایکٹ جمعے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ
January 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے آرمی ترمیمی ایکٹ جمعے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اپوزیشن سے بھی مذاکرات کیے جائیں گے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا آرمی ایکٹ کی تین سے چار شقوں میں ترمیم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم پر حکومت کی جانب سے کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔ کمیٹی میں پرویز خٹک، عامر ڈوگر، علی محمد خان اور اعظم سواتی شامل ہیں ۔ ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ اجلاس میں آرمی چیف ایکسٹینشن  سے متعلق غور کیا گیا ۔ وزارت دفاع اور وزارت قانون کی جانب سے تیار  کی گئی  آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ پیش کیا گیا۔ ذرائع  کے مطابق  وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ 1952 میں ترمیم  کے مسودے میں آرمی  چیف  سمیت  چاروں  چیفس جن میں چیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ، ائیر چیف اور نیول چیف شامل ہیں کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے ترمیم  کی منظوری دی گئی ہے ۔ ترمیم چاروں چیفس کی ریٹائرمنٹ کی عمر  تبدیل  کر دی گئی ہے ۔ آرمی چیف سمیت چاروں چیفس اب 60 کے بجائے  64 سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہونگے۔