Friday, April 19, 2024

حکومت کا 16 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

حکومت کا 16 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
September 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے 16 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ لاپرواہی، ایس او پیز کو نظرانداز کرنا کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا۔ 5300 مریض اسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں۔ ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کورونا مریضوں کا دباﺅ ہے ۔ کوشش ہے آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے۔ چند ہفتے کے دوران آکسیجن کی طلب میں اضافہ ہوا۔ کورونا صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

 انہوں نے کہا 24 میں سے 18 اضلاع میں کورونا صورتحال میں بہتری آئی ہے اور ان 18 اضلاع میں پابندیاں نرم کر رہے ہیں ۔ پنجاب کے پانچ اور کے پی کے کے ایک ضلع میں پابندیاں مزید ایک ہفتہ برقرار ہیں گی جن میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں ۔ 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کیساتھ تعلیمی ادارے کھولے جا رہے ہیں۔ 6 اضلاع میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم بڑھا کر 10 بجے تک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 30 ستمبر تک شہریوں نے ویکسین کی دونوں ڈوزز نہیں لگوائیں تو وہ مندرجہ ذیل کام نہیں کر سکیں گے۔ مکمل ویکسی نیشن نہ کروانے پر تعلیمی اداروں میں کام کرنے والی انتظامیہ، ڈرائیورز اور اساتذہ کام جاری نہیں سکیں گے۔

مکمل ویکسی نیشن نہ کروانے والے اندرون ملک اور بیرون ملک ہوائی سفر نہیں کر سکیں گے۔ مکمل ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو شاپنگ مالز میں داخلے کی اجازت بھی نہیں ہو گی چاہے وہ ملازمین ہی کیوں نہ ہوں۔ مکمل ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو ہوٹل اور گیسٹ ہاﺅس میں بکنگ بھی نہیں دی جائے گی۔