Sunday, September 8, 2024

حکومت ڈنگ ٹپائو کی پالیسی پر عمل پیرا، ادارہ برائے فروغ اردو بیورو کریسی کے رحم وکرم پر

حکومت ڈنگ ٹپائو کی پالیسی پر عمل پیرا، ادارہ برائے فروغ اردو بیورو کریسی کے رحم وکرم پر
March 20, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) حکومت نے ادارہ برائے فروغ اردو کو بیورو کریسی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈی جی کی سیٹ تین سال سے خالی۔ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی مستقل ڈی جی تعینات نہ کیا جا سکا۔ موجودہ دور حکومت میں کوئی بھی زبان کا ماہر سربراہ نہ لگایا جا سکا۔ سپریم کورٹ نے سرکاری اداروں میں اردو زبان کو رائج کرنے کا حکم دے رکھا ہے لیکن حکومت ڈنگ ٹپائو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ حکومت صرف زبانی جمع خرچ کرنے میں مصروف ہے۔ اردو زبان کی ترویج کے اہم ادارے کے ڈی جی کا عہدہ تین سال سے خالی ہے۔ نیشنل ہیریٹیج ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری جنید اخلاق کو نیشنل لیگوئج ڈیپارٹمنٹ کے ڈی جی کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تحسینہ جہاں کے خلاف کرپشن کی انکوائری کے باعث ان کے اختیارات معطل ہیں۔ موجودہ دور حکومت میں کسی زبان کے ماہر کو ادارے کا سربراہ نہیں لگایا جا سکا۔ اردو زبان کی ترویج اور رائج کرنے کے لیے وزیر اطلاعات پرویز رشید کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی نے سفارشات تیار کیں لیکن ابھی تک وزیراعظم نے ان کی منظوری نہیں دی۔ کابینہ ڈویژن نے جولائی 2015 میں ماتحت اداروں کو تین ماہ میں اردو ترجمہ شائع کرنے کا مراسلہ جاری کیا لیکن اداروں نے کابینہ ڈویژن کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔ مراسلہ میں تمام ماتحت اداروں کو تین ماہ میں مندرجات اردو میں کرنے کی ہدایت کی لیکن 8 ماہ گزرنے کے باوجود کسی ادارے نے عمل نہیں کیا۔