Thursday, May 9, 2024

حکومت پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسہ کرنے سے نہیں روکے گی ، شبلی فراز

حکومت پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسہ کرنے سے نہیں روکے گی ، شبلی فراز
December 1, 2020

شبلی فراز نے کہا حکومت جلسوں سے گھبرانے والی نہیں۔ جلسے روکنے کیلئے پورے ملک کو مفلوج نہیں کر سکتے۔ پچیس لاکھ آبادی کے شہر ملتان میں چند ہزار افراد جلسے میں آئے۔ حکومت کی کوششوں اور عدالتی حکم کے باوجود اپوزیشن نے کل جلسہ کیا۔ پی ڈی ایم کے قائدین کا جلسے کے ذریعے ٹی وی سکرین پر رہنے کا شوق پورا ہوا۔ اپنی ناجائز طریقے سے لوٹی گئی دولت کو بچانے کے لیے کل سارا ناٹک رچایا گیا۔

شبلی فراز بولے اس وقت جلسے جلوسوں پر پابندی لگانے کی وجہ دنیا بھر میں پھیلی وبا ہے۔ ہماری 22 کروڑ کی آبادی ہے، اگر ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہوتی رہی تو اسپتالوں پر بوجھ بڑھ جائے گا۔ اپوزیشن گاہے بگاہے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے۔ کوویڈ کے دوران جلسے جلوسوں پر پابندی ہے۔ اگر کسی نے عوام کو خطرے میں جھونکا تو عوام خودہی اس کا حساب لیں گے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا یہ اپنے آپ کو عوامی قائد کہتے ہیں، عوام کو خطرے میں ڈالنا کہاں کی منطق ہے۔ ہم جلسوں سے گھبرانے والے نہیں، ہمیں کورونا کی فکر ہے۔ یہ اب لاہور میں بھی جلسہ کرنے جارہے ہیں۔ ہم حالات کا گاہے بگاہے جائزہ لیتے رہیں گے۔ جلسے پر پابندی ہے لیکن ہم نہیں روکیں گے۔ جس نے جلسے میں جانا ہے جائے، ہم انہیں نہیں روکیں گے۔