Wednesday, May 8, 2024

حکومت پنجاب کے ٹرانسپوٹرز سے مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان

حکومت پنجاب کے ٹرانسپوٹرز سے مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان
January 2, 2020
 لاہور (92 نیوز) حکومت پنجاب کے ٹرانسپوٹرز سے مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔ موٹروے اور ہائی ویز پر بھاری جرمانے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پنجاب،سندھ، بلوچستان اور کے پی میں ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بن گے تھے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز الائنس نے پہیہ جام کر دیا تھا۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، پشاور اور دیگر شہروں میں ہڑتال اور دھرنے دیئے گئے۔ سبزی، دودھ سمیت ہر قسم کی سپلائی بند کر دی گئی۔ لاہور میں منی مزدا ایسوسی ایشن نے ریلیاں نکالیں ، مظاہرین نے بھاری جرمانے اور اضافی ٹول ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ کراچی، حیدر آباد، شکار پور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کے انجن بند رکھے، اندرون ملک تمام بسیں بھی بند کر دیں، ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری اڈوں پر پریشان نظر آئے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا جرمانوں میں اضافے کا مقصد ریونیو نہیں حادثات میں کمی لانا ہے۔ جرمانے میں اضافہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب کے ساتھ ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب ہوئے جس پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے چار چار ممبران پر مشتمل کمیٹی بنا دی جو مسائل کا جائزہ لے گی۔