Sunday, September 8, 2024

حکومت پنجاب کی 56 کمپنیوں کو ریکارڈ فراہمی کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم

حکومت پنجاب کی 56 کمپنیوں کو ریکارڈ فراہمی کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم
April 16, 2018
لاہور (92 نیوز) حکومتِ پنجاب کی 56 لمیٹڈ کمپنیوں کو ریکارڈ کی فراہمی کے لیے دی گئی نیب کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ۔ 17 کمپنیاں ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام رہیں، جن کمپنیوں نے ریکارڈ جمع کروایا ہے وہ بھی مکمل نہیں ۔ پنجاب کی 56 لمیٹڈ کمپنیوں سے ریکارڈ کی وصولی کے لیے نیب افسران اتوار کی رات 9 بجے تک انتظار ہی کرتے رہے لیکن صرف 39 کمپنیاں ہی اپنے ریکارڈز نیب میں پیش کر سکیں جبکہ 17 کمپنیاں اپنا ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہیں ۔ ذرائع کے مطابق جن کمپنیوں نے ریکارڈ جمع کروایا ہے وہ بھی جزوی اور ابتدائی نوعیت کا ہے ۔ پنجاب کی نیم سرکاری کمپنیوں کو نیب میں ریکارڈ جمع کروانے کے احکامات سپریم کورٹ نے جاری کیے تھے ۔ ریکارڈ جمع کروانے کے لیے اتوار کی رات 9 بجے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی ۔ جن کمپنیوں کو مکمل ریکارڈ فراہمی کی ہدایت کی گئی تھی ان میں پنجاب صاف پانی کمپنی، پی ایل ڈی سی، قائداعظم سولر پاور کمپنی، پنجاب تھرمل پاور کمپنی، لاہور نالج پارک، پنجاب ہیلتھ انیشیٹو اور گوجرانوالہ ویسٹ مینیجمنٹ کمپنی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی، کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی، پنجاب لائیو سٹاک کمپنی، قائداعظم ہائیڈل پاور کمپنی اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی کو بھی مکمل ریکارڈ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔