Friday, May 10, 2024

حکومت پنجاب کا گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ

حکومت پنجاب کا گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ
November 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے امدادی قیمت پر نظرثانی پر آمادگی ظاہر کر دی۔ گندم کی نئی امدادی قیمت 2 ہزار سے زائد مقرر ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کسان رہنماؤں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کسانوں کے مفادات کا بھرپور انداز سے تحفظ کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کی خصوصی کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت 2050 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ حکومت پنجاب کے حکام نے کمیٹی کے فیصلے کے برعکس وفاق کو 1950 روپے کی سفارشات بھجوا دیں۔ ذرائع کے مطابق وفاق نے اجلاس کے بعد 1975 روپے من امدادی قیمت کا اعلان کیا تاہم تاحال نوٹیفکیشن نہیں ہوا ۔ کسان رہنماؤں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے الگ الگ ملاقات کرکے امدادی قیمت پر دوبارہ نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلی سے ملاقات میں کسان اتحاد کے رہنماؤں نے 2200 روپے من امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز دی۔ کھاد ،پٹرول ،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 1975 کی امدادی قیمت کو کم قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے کسان رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں امدادی قیمت کا دوبارہ جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ گندم کی نئی امدادی قیمت کا فوری اعلان اس خدشے کے پیش نظر نہیں کیا جارہا کہ کہیں موجودہ گندم کی قیمت نہ بڑھ جائے۔ کچھ عرصے بعد گندم کی نئی امدادی قیمت کا نظرثانی کرکے اعلان کیا جائے گا۔